ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا کے پیش نظر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا دورہ ہند منسوخ

کورونا کے پیش نظر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا دورہ ہند منسوخ

Tue, 20 Apr 2021 13:52:30    S.O. News Service

نئی دہلی،20؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی)  برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا آئندہ ہفتے ہونے والا دورہ ہند منسوخ کردیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ نے پیر کے روز یہاں بتایا کہ برطانوی وزیر اعظم کا مجوزہ دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ہندوستان میں کورونا وائرس کی دوسری اور خطرناک لہر کے پیش نظر کیا گيا ہے، جس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ملک میں پچھلے کچھ دنوں سے روزانہ دو لاکھ سے زیادہ متاثرین رپورٹ ہورہے ہیں، جس کی وجہ سے حکام اختتام ہفتہ کی تالا بندی اور مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔تاہم، وزارت خارجہ نے آنے والے دنوں میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک ورچوئل میٹنگ منعقد ہونے کی بات کہی ہے۔

وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہندوستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات میں تبدیلی لانے کے منصوبوں کا آغاز کرنے کے لئے دونوں فریق آنے والے دنوں میں ایک ورچوئل میٹنگ منعقد کریں گے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ جانسن نے گزشتہ ہفتے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر اپنے دورہ ہند کو مختصر کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ اس سے قبل 26 جنوری کو بھی انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کیا تھا جب انہیں 26 جنوری کی یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔


Share: